بھٹکل ، 12 / اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ میں جنگلاتی زمین پر اتی کرم کرنے والوں نے طرف سے پرانے گھروں کی مرمت یا نئی عمارت تعمیر کرنے کے خلاف بھٹکل ریجنل فاریسٹ آفیسر نے جو فوجداری مقدمہ اور ایف آئی آر داخل کرنے کی ہدایت دی ہے اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اتی کرم ہوراٹا سمیتی کے صدر رویندرا نائک نے آر ایف او کے اس عمل کی سخت مذمت کی ہے ۔
خیال رہے کہ بھٹکل آر ایف او نے بھٹکل تعلقہ میں اتی کرم داروں کی طرف سے پرانے مکانوں کی مرمت یا نئی عمارتیں تعمیر کرنے کے جتنے معاملے درج ہیں ان کے سلسلے میں کریمنل مقدمہ اور ایف آئی آر داخل کرکے متعلقہ اتی کرم داروں کو بطور ملزم محکمہ جنگلات کے افسر کے سامنے پیش کرنے کے لئے اپنے ماتحت اہلکاروں کو تحریری ہدایت جاری کی ہے ۔
رویندرا نائک نے بتایا کہ ریجنل فاریسٹ آفیسر کی اس غیر قانونی اور سرکاری پالیسی کے منافی کارروائی کے بارے میں ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کو آگاہ کیا جائے گا ۔